سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا کی خدمات بند! اہم ترین اپڈیٹ سامنے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سعودی عرب میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے لیے ایک تازہ اور اہم انتظامی اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس کا تعلق حج سیزن 2026 کے دوران فراہم کی جانے والی خدمات سے ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق جدہ میں موجود پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حج سیزن 2026 کے دوران نادرا آفس مدینہ منورہ میں جاری تمام خدمات 12 اپریل 2026 سے عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔ یہ بندش وقتی ہے اور حج سیزن مکمل ہونے کے بعد تمام سہولیات معمول کے مطابق دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس صورتحال میں شہریوں کی سہولت کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل انتظام کیا گیا ہے جس کے تحت نادرا رجسٹریشن سینٹر جدہ میں عملے کی تعداد بڑھا دی گئی ہے تاکہ درخواستوں اور سروسز کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی اضافی معلومات یا رہنمائی کیلئے پاکستانی قونصلیٹ جنرل سے رابطہ کیا جا سکتا ہے جبکہ اس دوران مختلف نادرا خدمات پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی بدستور دستیاب رہیں گی۔
