ؔپشین کی سیاسی جماعتوں کا شہدائے یارو کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر شدید احتجاج، شٹر ڈاؤن ہڑتال کی دھمکی

پشین (قدرت روزنامہ) پشین کی سیاسی و جمہوری جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ سانحہ یارو کے شہدا کے قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری اب مزید قابلِ برداشت نہیں رہی۔ حکومت، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی سستی، کاہلی، نااہلی اور عدم دلچسپی نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے، جس کے باعث عوام سخت احتجاج پر مجبور ہو رہے ہیں۔
اگر صورتحال یہی رہی تو اس کے تمام تر نتائج اور ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسی روشان، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری عبید اللہ عابد، تحریک انصاف کے ضلعی صدر شاہ نواز کھرل، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر عمر خان ترین، رضا شہدا، فضل اشنا، اولسی کمیٹی کے رہنما محمد دین خان اور عبدالستار کاکڑ نے یارو بازار میں ایک بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سانح یارو کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لیے شدید نعرہ بازی کی گئی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر انصاف، امن اور قاتلوں کی گرفتاری کے مطالبات درج تھے۔ مقررین نے کہا کہ سانح یارو کے افسوسناک واقعے کو 22 روز گزر چکے ہیں، مگر ابھی تک قاتل آزاد گھوم رہے ہیں، جو انتظامیہ کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکام کی جانب سے بارہا قاتلوں کی گرفتاری کے وعدے کیے گئے، مگر ان وعدوں پر اب تک کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی، جس سے عوام کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ایک ملزم کھلے عام ویڈیوز جاری کر کے دھمکیاں دے رہا ہے، جو نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ عوام کے لیے بھی شدید تشویش کا باعث ہے۔
ایسی صورتحال کسی بھی مہذب معاشرے میں قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔ اگر قاتل کھلے عام دھمکیاں دیتے رہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی رہے تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونا فطری امر ہے۔ رہنماں نے کہا کہ ضلع پشین کی تمام سیاسی جماعتیں، سماجی تنظیمیں، قبائلی مشران، نوجوان اور عوام اس بات پر متفق ہیں کہ اب احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دے کر اگلے مرحلے میں داخل کیا جائے گا۔
اگر فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو ضلع بھر میں شٹر ڈان ہڑتال، دھرنے، ریلیاں اور بڑے عوامی احتجاج کیے جائیں گے۔ مقررین نے واضح کیا کہ سانح یارو کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ جلسے کے اختتام پر سیاسی جماعتوں کے رہنماں نے اعلان کیا کہ اگر چند دنوں کے اندر اندر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پشین سمیت پورے علاقے میں احتجاجی تحریک کو مزید منظم، مضبوط اور فیصلہ کن انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، اتفاق اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے انصاف کی اس جدوجہد میں بھرپور حصہ لیں
