کوئٹہ، ایف آئی اے کی سریاب روڈ پر کارروائی، بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کارندہ گرفتار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے وابستہ اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت رضا عرف “چاچا موسی” کے نام سے ہوئی ہے، جو طویل عرصے سے معصوم شہریوں کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کروانے کے دھندے میں ملوث تھا۔حکام نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون کے فارنزک تجزیے کے دوران بین الاقوامی انسانی اسمگلرز کے ساتھ رابطوں اور نیٹ ورک کے ٹھوس شواہد ملے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم رضا عرف چاچا موسی نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا نیٹ ورک کوئٹہ سے کام شروع کرتا تھا، جہاں سے مسافروں کو اکٹھا کر کے غیر قانونی طور پر گوادر کے راستے ایران پہنچایا جاتا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
