صحبت پور میں مگسی پل خستہ حالی کی انتہا کو پہنچ گیا، کسی بڑے المیے کے انتظار میں بیٹھے محکمہ آبپاشی اور حکومت کی کارکردگی پر سوالات


صحبت پور (ڈیلی قدرت کوئٹہ)پٹ فیڈر کینال سے نکلنے والی ذیلی شاخ “اوچ شاخ” پر واقع مین پل شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث علاقے میں کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خوف پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، نصیر شاخ پر پولیس چیک پوسٹ کے قریب واقع یہ پل، جو “مگسی پل” کے نام سے مشہور ہے، اپنی میعاد پوری کرنے کے بعد اب خستہ حالی کی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق، حیردین ڈرینج کے زیرِ انتظام اس پل کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ یہاں ایک دو چھوٹے حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر ٹرانسپورٹرز اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے شام ڈھلتے ہی اس راستے سے گزرنا بند کر دیا ہے تاکہ کسی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ پل کے درمیان میں گہرے گڑھے پڑنے سے پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔علاقے کے سیاسی و سماجی حلقوں نے حکومتِ بلوچستان اور محکمہ آبپاشی کے اعلی حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ کسی بڑے انسانی المیے کے رونما ہونے سے قبل اس اہم پل کی فوری مرمت یا نئی تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پل علاقے کی نقل و حمل کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی بندش سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert