بلوچستان : ایف ایس سی کے امتحانی مراکز میں 30 ڈپلیکیٹ امیدوار پکڑے گئے، بورڈ کی کارروائی قابلِ ستائش مگر امتحانی نظام کی یہ کمزوریاں حکومتی نگرانی پر سوالیہ نشان


وندر (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈپٹی سیکرٹری بلوچستان بورڈ میر ہارون مینگل اور دیگر اعلی حکام نے وندر اور حب میں ایف ایس سی سال 2026 کے امتحانی مراکز پر اچانک چھاپہ مار کر 30 سے زائد ایسے طلبہ کو پکڑ لیا جو دوسرے امیدواروں کی جگہ امتحان دے رہے تھے۔ کارروائی کے دوران طلبہ کے قبضے سے بڑی تعداد میں موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ڈپٹی سیکرٹری میر ہارون مینگل، پی ایس ٹو سیکرٹری رسول بخش لہڑی اور کنٹرولر کے پی ایس محمد یونس لہڑی نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ اس اچانک معائنے کے دوران مختلف مراکز سے 30 سے زائد ڈپلیکیٹ (بوگس) طلبہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، جن کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام نے نقل کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فونز بھی ضبط کر لیے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری میر ہارون مینگل اور رسول بخش لہڑی نے واضح کیا کہ بلوچستان بورڈ امتحانی نظام کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نقل، موبائل فون کے استعمال اور دوسرے کی جگہ امتحان دینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ نقل کی روک تھام کے لیے چھاپوں کا یہ سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تاکہ محنتی طلبہ کی حق تلفی نہ ہو۔

WhatsApp
Get Alert