پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اتوار کے روز پولیس لائن کوئٹہ میں شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل رحمت اللہ خلجی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیاں صوبے میں امن و امان کے قیام کی بنیاد ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کی مکمل کفالت اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان مقامی اسپتال بھی گئے جہاں انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا و نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہ رہنے دی جائے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert