اسلام آباد امن مذاکرات وفد کی تصدیق سے متعلق ایران کے باضابطہ جواب کا تاحال انتظار ہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد امن مذاکرات وفد کی تصدیق سے متعلق ایران کے باضابطہ جواب کا انتظار ہے۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور ثالث ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،اسلام آباد امن مذاکرات وفد کی تصدیق سے متعلق ایران کے باضابطہ جواب کا انتظار ہے، پاکستان سفارتکاری اور مذاکرات کی راہ پر گامزن ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پاکستانی وقت مطابق صبح 4 بج کر 50منٹ پر ختم ہوگی۔ ایران کا دو ہفتے کی جنگ بندی کے خاتمے سے قبل مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ اہم ہے۔پاکستان نے ایرانی قیادت کو قائل کرنے کی مخلصانہ کوششیں کیں اور یہ کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ایک بڑی کامیابی ہے، جنگ بندی معاہدہ ختم ہونے میں بڑا کم وقت رہ گیا ہے، جنگ بندی میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، ایران میں جو کچھ ہوا وہ حکومت کی تبدیلی ہے، ایران کی بحریہ فضائیہ اور قیادت کو ختم کردیا ہے، ایران کے پاس اب کمانڈر بھی نہیں رہے، میں اور میری فوج ایران کے خلاف فوجی مداخلت کیلئے تیار ہیں، ضرورت پڑنے پر ایران کے خلاف ملٹری آپریشن کے دوبارہ آغاز کیلئے تیار ہیں، معاہدے کے سوا ایران کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں جلد بڑا معاہدہ طے پا جائے گا۔
ایران کو تہس نہس کردیا ہم نے صرف 13امریکیوں کا نقصان کیا، ہمارے 13لوگ مارے گئے۔ مجھے کم عقل اور غدار لوگوں کی پروا نہیں ہے۔ سیز فائر کے دوران ایران نے اپنے ہتھیاروں میں کچھ اضافہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف کاروائیوں سے پہلے ہی معاشی بدحالی کا علم تھا، معاملات طے ہیں اب مزید مذاکرات کی اجازت نہیں دے سکتے، ایران کے لوگ عظیم ہیں لیکن ان کے لوگ سخت رویہ رکھتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert