شہری ہوشیار! یہ 6 ادویات ہرگز نہ خریدیں ! ہنگامی الرٹ جاری


لاہور (قدرت روزنامہ) 6 اہم ادویات مخصوص بیچ کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ، جس میں ان ادویات کو انسانی صحت کے لیے شدید خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے پنجاب بھر کے میڈیکل اسٹورز پر جعلی ادویات کی فروخت کا انکشاف کرتے ہوئے 6 اہم ادویات کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈریپ نے ان ادویات کو انسانی صحت کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے مارکیٹ سے فوری طور پر ہٹانے اور اسٹاک ضبط کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ ادویات کے مخصوص بیچ نمبرز لیبارٹری ٹیسٹ میں غیر مؤثر اور جعلی ثابت ہوئے ہیں
کالا موتیا کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے آئی ڈراپس (گلینٹرم) جعلی پائے گئے ہیں، ان کے استعمال سے بینائی متاثر ہونے کا شدید خطرہ ہے۔

حمل اور خواتین کے دیگر طبی مسائل سے متعلق 3 مختلف ادویات کو بھی جعلی قرار دیا گیا ہے جبکہ فنگل انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا “ٹیربی ڈرم” بھی غیر معیاری نکلی۔
اس کے علاوہ ہارمون تھراپی اور ٹشوز کی بحالی کے لیے استعمال ہونے والا انجکشن بھی جعلی ثابت ہوا ہے۔
ڈریپ نے تمام صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کو حکم دیا ہے کہ وہ میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز اور ڈسٹری بیوٹرز کے پاس موجود ان ادویات کا اسٹاک فوری طور پر قبضے میں لیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان ادویات کے مخصوص بیچ نمبرز کو کسی رجسٹرڈ فیکٹری کے بجائے غیر قانونی طور پر تیار کیا گیا تھا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادویات خریدتے وقت بیچ نمبر اور ڈریپ رجسٹریشن لازمی چیک کریں اور مشکوک دوا کی صورت میں فوری حکام کو مطلع کریں۔
جعلی آئی ڈراپس اور ہارمونل ادویات کا استعمال مریض کی حالت بہتر کرنے کے بجائے اسے مستقل معذوری یا پیچیدہ امراض میں مبتلا کر سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert