اپنے نمبر پورے اور حکومت کے نمبر کم کرنے کیلئے ملاقاتیں کر رہے ہیں: رانا ثناءاللہ
لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا کہ منی بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپنے نمبر پورے اور حکومت کے نمبر کم کرنے کیلئے ملاقاتیں کر رہے ہیں ۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما نے واضح کیا کہ اگر حکومت ملاقاتیں کر رہی ہے تو ہم بھی کسی نہ کسی سے مل رہے ہیں ۔
اس سے قبل منی بجٹ پر بات کرتے ہوئے صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ منی بجٹ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے کی عملی شکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود تو عوامی نفرت کے سیلاب میں ڈوب چکی ہے ۔ ملک کو آئی ایم ایف کے پنجرے میں قید نہ کرے ۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ منی بجٹ سے ملکی حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بدترین ہوجائیں گے ، منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کیلئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائے گا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ دراصل پارلیمنٹ کی خود مختاری پر بھی حملہ ہے ۔