ایرانی وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات
دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے۔ ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پاکستان آمد کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کی پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس بھی شریک تھے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ایران کے نائب وزیرخارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ادھر ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔ ترجمان کے مطابق خطے میں امن کی بحالی اور امریکا کی جانب سے مسلط جارحانہ جنگ کے خاتمے سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔
