دہلی ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، 230 افراد سوار تھے

نئی دہلی(قدرت روزنامہ) دہلی ایئرپورٹ پر سوئس ایئرلائنز کے طیارے میں ٹیک آف سے قبل آگ بھڑک اٹھی ، جس کے نتیجے میں 6 مسافر زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر زیورخ جانے والے سوئس ایئر کے طیارے میں ٹیک آف سے قبل انجن میں آگ لگنے کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 6 مسافر زخمی ہو گئے۔
ایئر لائن حکام کے مطابق پرواز LX147 مقامی وقت کے مطابق رات 1:08 بجے روانگی کے لیے تیار تھی کہ اچانک طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی اور آگ بھڑک اٹھی۔
پائلٹ اور عملے نے فوری خطرے کو بھانپتے ہوئے ٹیک آف کا عمل روک دیا اور ہنگامی اقدامات شروع کیے۔
طیارے میں عملے کے علاوہ 228 مسافر اور 4 بچے سوار تھے تاہم عملے نے تمام مسافروں کو ہنگامی سلائیڈز اور سیڑھیوں کے ذریعے جہاز سے بحفاظت نیچے اتارا۔
انخلاء کے دوران بھگدڑ یا دیگر وجوہات سے 6 مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم خوش قسمتی سے عملے کے تمام ارکان محفوظ
سوئس ایئر نے تمام متاثرہ مسافروں کے لیے رہائش اور متبادل سفری انتظامات فراہم کر دیے ہیں، ایئر لائن نے تصدیق کی ہے کہ انجن میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مل کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
