ضلع چاغی کے علاقے کلی باز محمد میں آبادکاروں کے ڈیرے پر دستی بم حملہ، 5 افراد زخمی

زخمی ہونے والے افراد کا تعلق کنسٹرکشن کے شعبے سے ہے، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر، سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن شروع


دالبندین (ڈیلی قدرت) ضلع چاغی کے علاقے کلی باز محمد میں نامعلوم افراد کی جانب سے آبادکاروں کے ایک ڈیرے پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمی ہونے والے افراد کا تعلق کنسٹرکشن کے شعبے سے ہے اور وہ علاقے میں جاری تعمیراتی منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔ڈی ایس پی چاغی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نامعلوم حملہ آور ڈیرے پر دستی بم پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ واقعے کے فورا بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert