ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر فیس عائد کرنے کی کوشش برداشت نہیں کرسکتے

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر فیس عائد کرنے کی کوشش برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر فیس عائد کرنے کی کوشش برداشت نہیں کرسکتے۔بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو یرغمال بنانے کی کوشش برداشت نہیں کریں گے۔
آبنائے ہرمز کھلا ہونا ایرانی دعویٰ حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔ ایران سے اجازت لینا ، یا پھر اس کو ادائیگی کرنا آبنائے ہرمز کا کھلا ہونا نہیں ہے۔ ایران کی مرضی اور ادائیگی کے عوض بحری راستہ استعمال کرنا معمول نہیں ہوسکتا۔ایران یہ فیصلہ نہیں کرسکتا کہ بحری گزرگاہ کون استعمال کرے گا اور کون نہیں کریگا۔
دوسری جانب روس نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کرانے کی پیشکش کردی ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ تمام فریق اس پر آمادہ ہوں۔دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس پائیدار اور یقینی امن کے قیام کے لیے مذاکراتی عمل کی حمایت کرتا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر فریقین رضامند ہوں تو روس اس تنازع میں ثالثی کر سکتا ہے تاکہ دیرپا حل نکالا جا سکے۔
کریملن کے ترجمان نے خبردار کیا کہ جنگ کے دوبارہ بھڑک اٹھنے کی صورت میں نہ صرف ایران بلکہ آبنائے ہرمز سے ملحق ممالک اور عالمی معیشت بھی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں سفارتی کوششوں کو جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
