روس پر یوکرینی ڈرونز کا حملہ، 186 یو اے ویز مار گرائے گئے، متعدد ہلاکتیں و زخمی

ماسکو(قدرت روزنامہ) روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کی جانب سے مختلف روسی علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں 186 بغیر پائلٹ طیاروں (یو اے ویز) کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔

بیان کے مطابق یہ ڈرونز استراخان، وولگوگراد، روستوف، کرسک اور کراسنودار ریجنز کے علاوہ کریمیا اور بحیرہ اسود و آزوف کے اوپر مار گرائے گئے، سیواستوپول پر بھی تین فضائی حملوں کو ناکام بنایا گیا جہاں 20 ڈرونز تباہ کیے گئے۔

حکام کے مطابق کراسنودار ریجن کے شہر تواپسے میں ایک آئل ریفائنری ڈرون کے ملبے گرنے سے آگ کی لپیٹ میں آ گئی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، آگ بجھانے کے لیے 122 اہلکاروں اور 39 گاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ متاثرہ افراد کے لیے عارضی پناہ گاہ بھی قائم کی گئی۔

دوسری جانب بریانسک ریجن میں ایک ڈرون نے گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہو گیا۔

بیلگورود ریجن میں یوکرینی ڈرون حملوں کے باعث تین شہری ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے، جن میں ایک 16 سالہ نوجوان بھی شامل ہے، شبیبیکنسکی ضلع میں ایک شخص گاڑی پر حملے میں ہلاک ہوا، جبکہ راکیتیانسکی ضلع میں ایک مرد اور خاتون جان کی بازی ہار گئے اور ان کا بیٹا زخمی ہو گیا۔

مزید برآں بوریسووسکی ضلع میں ایک شادی شدہ جوڑا بھی ڈرون حملے میں زخمی ہوا، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

روسی حکام کے مطابق حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات جاری ہیں جبکہ سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert