پاکستان بطور ثالث شاندار کام کر رہا ہے، حمایت جاری رکھیں گے، قطر
ہم مذاکراتی عمل پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے اس کی حمایت کی اور ہم سفارتی حل کی کوششوں کے ساتھ ہیں؛ ترجمان قطری وزارتِ خارجہ

دوحہ(قدرت روزنامہ)قطر کا کہنا ہے کہ علاقائی تنازعات کا حل مذاکرات کی میز پر ہونا چاہیئے، پاکستان بطور ثالث شاندار کام کر رہا ہے، حمایت جاری رکھیں گے۔ قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ ہم آہنگی موجود ہے، ہمیں مذاکرات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ہم پاکستانی ثالثی کی حمایت کرتے ہیں کیوں کہ اس وقت مسئلہ ثالث کے ساتھ نہیں ہے اور پاکستان اپنی ثالثی میں بہترین کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس عمل کی حمایت کرتے ہیں اور اس مسئلے پر اپنے تمام علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ ہمیشہ رابطے میں رہے ہیں، ہم بطور ثالث پاکستان کے مقصد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہمارا مؤقف پہلے دن سے واضح رہا ہے، خطے میں کسی بھی تنازعہ کا حل مذاکرات کی میز پر ہونا چاہیئے، ہم مذاکراتی عمل پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے اس کی حمایت کی اور ہم سفارتی حل کی کوششوں کے ساتھ ہیں۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے اپنے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہمارا ماننا ہے کہ اسے کبھی بند نہیں ہونا چاہیئے تھا اور خطے میں جاری دیگر معاملات سے قطع نظر اسے فوری طور پر کھولا جانا چاہیئے، قطر تنازع کے خاتمے کے لیے ایک جامع معاہدے کے حق میں ہوگا، قطر کی اصل تشویش علاقائی سلامتی ہے کیونکہ ایرانی حملوں نے علاقائی استحکام کو سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔
