سعودی عرب کا پاکستانی محنت کشوں کو خراج تحسین، ہمیشہ کے بھائی قرار دے دیا

ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی سفارتخانے نے پاکستانی محنت کشوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ’ہمیشہ کے بھائی‘ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا ہے۔
یوم مزدور کے موقعے پر سفارتخانے نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ہم سعودی عرب میں اپنے پاکستانی محنت کش بھائیوں پر فخر کرتے ہیں۔ اور ہم ہمیشہ کے لیے بھائی ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں قریبی تعلقات قائم ہیں۔ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جن کی ترسیلات زر پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
گزشتہ سال ستمبر میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا، جس کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ سعودی عرب کا دورہ بھی کیا جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
یوم مزدور کے موقع پر ہمیں سعودی عرب میں اپنے پاکستانی محنت کش بھائیوں پر فخر ہے۔ ہم ہمیشہ کے لیے بھائی بھائی ہیں۔ 🇵🇰🤝🇸🇦 pic.twitter.com/tWR4s3rCPX
— السفارة في باكستان – سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) May 1, 2026
سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار بھی ہے جو مشکل معاشی حالات میں مالی معاونت، ادھار پر تیل کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے وعدوں کے ذریعے پاکستان کی مدد کرتا رہا ہے۔
اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اپریل میں سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک ارب ڈالر موصول ہوئے جس کے بعد 3 ارب ڈالر کے نئے ڈپازٹ معاہدے کی تکمیل ہوئی، جبکہ اس سے قبل 5 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی سہولت پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہے۔
