روشن اپنی کار اسکیم کا باقاعدہ آغاز،اوورسیز پاکستانی ملک میں موجود اہلخانہ کیلئے آسانی سے گاڑی خرید سکیں گے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ’’روشن اپنی کار‘‘ اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے اہل خانہ کے لیے آسان اور کم شرحِ سود پر گاڑیاں خریدنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ اسکیم نجی بینکوں کے تعاون سے شروع کی گئی ہے، جس کے تحت اوورسیز پاکستانی آن لائن درخواست دے کر ملک میں موجود اپنے پیاروں کے لیے گاڑی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس اسکیم کے ذریعے گاڑی کی ڈیلیوری عام عمل کے مقابلے میں 50 فیصد تک جلد ممکن ہوگی۔
درخواست کا مکمل عمل ڈیجیٹل رکھا گیا ہے، جس میں کسی بھی قسم کی پیچیدہ کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ درخواست جمع کرانے کے بعد عموماً چار دن کے اندر قرض کی منظوری دے دی جائے گی۔
اسکیم کی خصوصیات:روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے خصوصی سہولت، آن لائن درخواست کا آسان طریقہ کار، کم شرح سود پر فنانسنگ، گاڑیوں کی تیز تر ڈیلیوری (50 فیصد تک جلدی)، مکمل ڈیجیٹل پراسیس، کاغذی کارروائی سے پاک۔
فنانسنگ کی اقسام:
فلوٹنگ ریٹ:
شرح سود وقت کے ساتھ تبدیل ہو سکتی ہے
لیین بیسڈ آپشن: روشن اکاؤنٹ یا نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کو بطور ضمانت رکھنے پر SBP فلور ریٹ + 1 فیصد
نان لیین بیسڈ آپشن: 6 ماہ KIBOR + 1 فیصد
فکسڈ ریٹ:
پورے دورانیے کے لیے مستقل شرح سود
بینک اپنے اخراجات یا PKRV ریٹس کی بنیاد پر شرح طے کرتے ہیں
ایک بار شرح مقرر ہونے کے بعد مکمل مدت کے لیے برقرار رہتی ہے
یہ اسکیم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک آسان، تیز اور سہولت بخش فنانسنگ اقدام قرار دی جا رہی ہے۔
