اپسوس سروے: ایران، امریکہ کشیدگی میں پاکستان کے ثالثی کردار پر عوام نے اپنی رائے کا اظہار کر دیا


لاہور(قدرت روزنامہ)ایران، امریکہ کشیدگی میں پاکستان کے ثالثی کردار پر عوام نے اپنی رائے کا اظہار کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق عالمی تحقیقی ادارے’’اپسوس‘‘ (Ipsos) کے حالیہ سروے کے مطابق، پاکستانیوں کی اکثریت نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کے کلیدی کردار کو ایک بڑی سفارتی کامیابی اور ’’قومی فتح‘‘ قرار دیا ہے۔

اپسوس(Ipsos )کے تازہ سروے کے مطابق پاکستان میں امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر عوامی رائے میں نمایاں تبدیلی سامنے آئی ہے۔ سروے بتاتا ہے کہ اب تقریباً 75 فیصد پاکستانی ان سفارتی کوششوں سے آگاہ ہیں، جو کہ گزشتہ مرحلے میں 65 فیصد تھی۔ یہ آگاہی خاص طور پر متوسط اور خوشحال طبقے کے افراد میں زیادہ دیکھی گئی۔

سروے کے مطابق، ان کوششوں سے واقف افراد کی اکثریت اسے پاکستان کی ایک بڑی قومی کامیابی قرار دیتی ہے۔ عوام کا ماننا ہے کہ اس ثالثی نے نہ صرف پاکستان کا عالمی تشخص بہتر کیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر اس کی پوزیشن کو بھی مضبوط کیا ہے۔

سیاسی و عسکری قیادت کو بھی اس کامیابی کا کریڈٹ دیا جا رہا ہے۔عوام کی اکثریت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اوروزیر اعظم شہباز شریف کو اس پیش رفت کا مرکزی کردار قرار دیا، جبکہ بعض افراد نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
عالمی تعاون کے حوالے سے عوام کی رائے ہے کہ چین نے اس عمل میں سب سے اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد ترکی کا نمبر آتا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور روس کی شمولیت کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ رجحان پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور عالمی سیاست میں اس کے فعال کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert