کوئٹہ پولیس فائرنگ واقعہ: ڈی آئی جی کا سخت ایکشن، تین اہلکار گرفتار

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں سیاہ رنگ کی مارک ایکس گاڑی کے تعاقب اور پولیس فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہے۔
واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے ایس ایس پی SCIW کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تینوں پولیس افسران کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے واضح کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی زیادتی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تحفظ اور خدمت کا حلف اٹھاتی ہے، اور آئندہ اگر کوئی اہلکار اس طرح کے واقعے میں ملوث پایا گیا تو اسے قانون کے مطابق سخت مثال بنایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا
