آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، نئی ریٹ لسٹ جاری، نئی فصل آنے کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گندم کی نئی فصل کے بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافہ سامنے آ گیا ہے جس کے ساتھ ہی نئی قیمتوں پر آٹے کی سپلائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ فلور ملز ذرائع کے مطابق کریانہ فروشوں کو آٹا نئی ریٹ لسٹ کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث 10 اور 20 کلوگرام کے تھیلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 115 روپے اضافے کے ساتھ 1020 روپے ہو گئی ہے جبکہ 20 کلوگرام کا تھیلا 200 روپے اضافے کے بعد 2000 روپے سے زائد میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ گندم کی قیمت میں اضافہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی فی من قیمت 3000 روپے سے بڑھ کر 3600 روپے تک پہنچ گئی ہے جس کے باواری لاگت میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل جب گندم کی قیمت 3000 روپے فی من تھی تو 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلوگرام کا تھیلا 1810 روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ اب نئی قیمتوں کے نفاذ کے بعد مارکیٹ میں فوری طور پر ریٹ تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
آٹے کی قیمت میں یہ اضافہ براہ راست مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ آٹا بنیادی خوراک میں شامل ہے اور اس کے نرخ بڑھنے سے ہر طبقہ متاثر ہوتا ہے۔
شہریوں اور صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی پر بڑھتے ہوئے مہنگائی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
