وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم سے متعلق اہم تفصیلات بتا دیں

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے زبانی دعووں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے مستحق افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کے لیے کام کیا ہے۔
لاہور میں سندھ سے تعلق رکھنے والے انتظامی سروس کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے انہیں عزت اور شناخت دی ہے جس پر وہ ملک کی احسان مند ہیں۔ انہوں نے سرکاری افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے باہمی تعاون اور ٹیم ورک بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق وزارتِ اعلیٰ صرف ایک منصب نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ کا مرکز عوامی فلاح ہے اور مختلف مشکلات کے باوجود شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی ذمہ داری محض دفتر میں حاضری تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں مشکل معاملات حل کرنے اور عوام کو ریلیف دینے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے اپنی کابینہ کے بعض ارکان کی جانب سے شہریوں کے مسائل پر مناسب توجہ نہ دینے کا بھی ذکر کیا۔
اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے بارے میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ منصوبے میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تعمیرِ مکان کے لیے قرض کی رقم مختلف مراحل میں جاری کی جاتی ہے اور ہر مرحلے پر تعمیراتی پیش رفت کی جانچ کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری افسران کی تعیناتی میں سفارش کے بجائے میرٹ کو اہمیت دی گئی ہے اور حکومتی معاملات میں اہلیت کو ترجیح دینا ضروری ہے۔
