پیٹرول بم گرنے کو تیار، فی لیٹر کتنے کا ہوجائے گا؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) آئل انڈسٹری کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 4 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 270 روپے 3 پیسے سے بڑھ کر 274 روپے 77 پیسے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے، اس اضافے کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فری آن بورڈ (FOB) قیمت میں اضافہ ہے، جو 139.03 ڈالر سے بڑھ کر 143.01 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پریمیم اور دیگر اخراجات میں معمولی کمی کے باوجود مجموعی اضافے کو روکا نہیں جا سکا۔ اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کی سابقہ ایڈجسٹمنٹ ختم ہونے سے بھی قیمتوں میں اضافے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف 20 پیسے فی لیٹر اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈیزل مہنگا ہونے کے باوجود کسٹمز ڈیوٹی اور دیگر اخراجات میں کمی نے اس کے اثرات کو محدود رکھا ہے۔
معشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر پاکستان جیسے درآمدی ممالک پر پڑتا ہے، جہاں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔
حتمی قیمتوں کا اعلان حکومت کی جانب سے ٹیکس، پیٹرولیم لیوی اور شرح مبادلہ سے متعلق فیصلوں کے بعد کیا جائے گا۔
