سوزوکی نے اپنی جدید کراس اوور گاڑی فرونکس متعارف کرا دی

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں سوزوکی نے اپنی جدید کراس اوور گاڑی فرونکس (Fronx) باضابطہ طور پر متعارف کرا دی۔

دلکش ڈیزائن، جدید ٹیکنالوجی اور شاندار فیچرز سے لیس اس گاڑی نے لانچ ہوتے ہی گاڑیوں کے شوقین افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی ہے۔

سوزوکی فرونکس کو پہلی بار پاکستان آٹو شو میں پیش کیا گیا تھا جہاں صارفین نے اس گاڑی میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا۔ آٹو ماہرین کے مطابق پاکستان میں کراس اوور اور ایس یو وی گاڑیوں کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ مختلف کمپنیاں مسلسل نئے ماڈلز متعارف کرا رہی ہیں۔

سوزوکی نے بھی اسی بدلتے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے فرونکس کو مارکیٹ میں پیش کیا ہے تاکہ وہ جدید کراس اوور سیگمنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا سکے۔ کمپنی نے اس گاڑی کو چار مختلف ویرینٹس میں لانچ کیا ہے، جن میں پٹرول اور مائلڈ ہائبرڈ دونوں آپشنز شامل ہیں۔

سوزوکی فرونکس GL MT (پٹرول) کی قیمت 59 لاکھ 99 ہزار 999 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ GL AT ویرینٹ 60 لاکھ 99 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔ اسی طرح GLX 6AT مونو ٹون مائلڈ ہائبرڈ کی قیمت 62 لاکھ 99 ہزار 999 روپے جبکہ ٹو ٹون ویرینٹ 63 لاکھ 74 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔

آٹو تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فرونکس کو بی سیگمنٹ کراس اوور کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، یہ سوزوکی سوِفٹ سے اوپر جبکہ ہنڈا HR-V اور ٹویوٹا کورولا کراس سے نیچے کی کیٹیگری میں رکھی گئی ہے۔ پاکستانی مارکیٹ میں اس کا مقابلہ کِیا اسٹونک، ہنڈا HR-V اور جیکو J5 جیسے جدید ماڈلز سے ہوگا۔

ماہرین کے مطابق فرونکس کی کامیابی کا انحصار اس کی قیمت، ایندھن کی بچت، جدید سیفٹی فیچرز اور بعد از فروخت سروسز پر ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert