مولانا ادریس پر حملہ کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ مل گیا، تصاویر حاصل کرلی گئیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چارسدہ میں شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس پر حملہ کرنے والے نیٹ ورک کے بارے تفتیشی ٹیموں نے سراغ لگالیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مبینہ حملہ آوروں کی تصاویر بھی حاصل کرلیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے، ملوث عناصر کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔
مولانا شیخ ادریس کے قتل کے واقعے کی تفتیش کرنے والے حکام کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور مقامی پولیس کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے حاصل فوٹیج سے اہم مواد کا جائزہ لیا اور واردات میں ملوث 4 میں سے ایک دہشت گرد کی نشان دہی ہوگئی۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ دہشت گرد کی نشان دہی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہوئی، دہشت گرد کا تعلق افغانستان سے ہے اور جس دہشت گرد کی نشان دہی ہوئی ہے اس کے ذریعے مکمل نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش میں لگ رہا ہے یہ منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ جید عالم دین مولانا محمد ادریس پر آج صبح تقریباً آٹھ بج کر دس منٹ پر تھانہ اتمانزئی (چارسدہ) کی حدود میں حملہ کیا تھا جہاں نامعلوم دو موٹر سائیکل سوار4 دہشت گردوں نے مولانا کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی اور واقعے کے فوری بعد مولانا ادریس اور دونوں زخمی کانسٹیبلز کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert