مولانا محمد ادریس کے قتل کیخلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مولانا محمد ادریس کے قتل کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
سینیٹ میں سینیٹر عطا الرحمان نے مشترکہ مذمتی قرارداد سینیٹ میں پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ قاتلوں کی فوری گرفتاری اور کیفر کردار تک پہنچانے کی سفارش کرتے ہیں، مولانا محمد ادریس جے یو آئی کے صوبائی سرپرست اور ممتاز عالم دین تھے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ مولانا محمد ادریس سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے قرارداد کی منظوری کے طریقہ کار پر اعتراض اٹھایا، جبکہ اپوزیشن اراکین نے کہا کہ یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور نہیں ہوئی، ہم سے ہماری رائے نہیں لی گئی ہے۔
سینیٹ میں اپوزیشن ارکان ایک بار پھر اپنی نشستوں پر کھڑے ہوئے اور چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رولز آپ لوگوں کی ذاتی خواہش پر معطل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مائیک دینے سے متعلق طارق فضل چوہدری کی رائے نظر انداز کر دی۔
