وزیراعظم اپنا گھر اسکیم: اب تک کتنی درخواستیں منظور ہو چکیں؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم اپنا گھر اسکیم میں اب تک کتنی درخواستیں دی گئیں اور کتنی منظور ہو چکیں تفصیلات سامنے آ گئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سید نوید قمر کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر خزانہ، سیکریٹری ہاؤسنگ بھی موجود تھے۔ قائمہ کمیٹی کو وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ عوام کو گنجائش کے مطابق ریلیف دیا اور مزید ریلیف فراہم کریں گے، امید ہے کل آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے اچھا فیصلہ مل جائے گا۔

سیکریٹری ہاؤسنگ محمد محمود نے کہا کہ یہ پالیسی ہاؤسنگ فنانس کی بحالی کے لیے لائی گئی ہے۔ اس کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرض دیا جائے گا اور یہ سہولت 10 مرلہ تک کے پلاٹ تک کے لیے ہے۔ پہلے 10 سال کیلیے مارک اپ 5 فیصد اور اس کے بعد مارکیٹ ریٹ لاگو ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ 30 اپریل تک پورٹل پر 25 ہزار 304 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور اب تک 8 ہزار 990 درخواستیں کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

سیکریٹری ہاؤسنگ نے یہ بھی بتایا کہ اس منصوبے کے لیے اب تک 37 ارب 15 کروڑ روپے کی منظوری دی جا چکی ہے جب کہ ایک ارب 80 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، کوشش ہے کہ کوشش ہے دستاویزات اور تصدیق کا عمل سادہ اور تیز بنا دیں۔

WhatsApp
Get Alert