جھل مگسی کے قریب المناک مسافر بس حادثہ، حکومت بلوچستان نے تحقیقات کا حکم دے دیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان نے جھل مگسی کے قریب باریجا کے مقام پر خاران سے لاڑکانہ جانے والی مسافر بس کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے اپنے ایک بیان میں حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کی ہے ۔
شاہد رند نے کہا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ شدید زخمیوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے دیگر شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو حادثے کی تحقیقات و وجوہات کے تعین کا حکم دے دیا ہے۔
جبکہ محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی غفلت نہ برتی جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔
