بلوچستان میں حادثات و جرائم ، مختلف واقعات میں 12افراد جاں بحق، متعدد زخمی، کئی شہریوں کو لوٹ لیا گیا


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے مختلف اضلاع قلات، جھل مگسی، نوکنڈی، بختیارآباد، پنجگور، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ اللہ یار اور اوستہ محمد میں ٹریفک حادثات، فائرنگ، ڈکیتی اور رہزنی کے واقعات میں مجموعی طور پر 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، مختلف واقعات کے بعد شہریوں میں تشویش پھیل گئی جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے کارروائیاں شروع کردیں۔
قلات میں قومی شاہراہ این 25 پر گرانی کے مقام کے قریب دو کاروں کے خوفناک تصادم کے بعد ایک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ریسکیو قلات اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جبکہ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا۔
جھل مگسی میں خاران سے لاڑکانہ جانے والی مسافر کوچ ایم ایٹ شاہراہ پر باریجہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو نکالا، جبکہ ایمبولینس سہولت نہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
نوکنڈی کے قریب تراسی لانڈھی کے مقام پر نیشنل ہائی وے پر سڑک کے درمیان پڑے کریش کے ڈھیر سے ٹکرا کر ٹریلر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ شہریوں نے ٹھیکیدار کی غفلت قرار دیتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور انتظامیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بختیارآباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اللہ ڈنہ ولد غلام فرید شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے، مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
پنجگور کے فیض محمد چوک کے قریب ڈیزل ڈپو میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر عطاء اللہ ولد باز محمد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا جبکہ ڈاکو دو لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ زخمی کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ اللہ یار اور اوستہ محمد میں فائرنگ، روڈ حادثے، لوٹ مار اور رہزنی کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں دن دھاڑے ہندو تاجر پون کمار کو دکان میں گھس کر لوٹ لیا گیا جس پر تاجر برادری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اوستہ محمد اور ڈیرہ اللہ یار میں شہریوں سے موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی چھین لی گئی، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

WhatsApp
Get Alert