پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کی تیاری؟ ملّت ٹریکٹرز نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کی سب سے بڑی ٹریکٹر ساز کمپنی ملّت ٹریکٹرز لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ ملک میں الیکٹرک بائیکس کی تیاری کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ غور ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس پر حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اس بات کا انکشاف ملّت ٹریکٹرز لمیٹڈ کی جانب سے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک اعلامیے میں کیا گیا۔ کمپنی نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا اور مارکیٹ میں پھیلنے والی ان خبروں کے جواب میں یہ وضاحت دی جا رہی ہے کہ اس کے گروپ کی ایک کمپنی الیکٹرک موٹر سائیکل بنانے کی فزیبلٹی پر کام کر رہی ہے تاہم یہ منصوبہ ابھی مکمل طور پر ابتدائی تحقیق کے مرحلے میں ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کی بڑی وجہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
موٹر سائیکل ڈیلرز اور ماہرین کے مطابق اپریل کے مہینے میں ملک بھر میں تقریباً 40 ہزار یونٹس فروخت ہوئے جن میں سے تقریباً 90 فیصد الیکٹرک اسکوٹرز اور 10 فیصد الیکٹرک بائیکس شامل تھیں تاہم ان کے مطابق اصل طلب اس سے کہیں زیادہ ہے۔
اسی دوران حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 19 روپے 39 پیسے مہنگا ہوا۔
نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 393.35 روپے سے بڑھ کر 399.86 روپے فی لیٹر ہو گیا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380.19 روپے سے بڑھ کر 399.58 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی۔
ملّت ٹریکٹرز لمیٹڈ کا شمار 1964 میں قائم ہونے والی ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر ہوتا ہے۔ یہ ادارہ ٹریکٹرز، ڈیزل جنریٹرز، پرائم موورز، ڈیزل انجنز اور فورک لفٹ ٹرکس کی تیاری اور فروخت میں مصروف ہے۔
کمپنی نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انڈسٹریل اور فنانشل سسٹم (IFS) سافٹ ویئر کی فروخت، نفاذ اور سپورٹ کے شعبے میں کام کرتی ہے۔ 30 جون 2024 تک کمپنی کی سالانہ پیداواری صلاحیت تقریباً 30 ہزار ٹریکٹرز (دو شفٹ بنیاد پر) بتائی گئی ہے۔
