بلوچستان : پسنی سے شادی کور جانے والی پک اپ 8 مسافروں سمیت لاپتہ، خاندانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، ذرائع


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی سے شادی کور جانے والی ایک پک اپ گاڑی 8 مسافروں سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ہے، جس کے باعث متاثرہ خاندانوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام افراد دو روز قبل پاک عمان اسپتال پسنی میں علاج معالجے کے بعد واپس اپنے علاقے شادی کور کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم مقررہ وقت گزر جانے کے باوجود وہ منزل تک نہیں پہنچ سکے اور ان سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔
لاپتہ ہونے والوں میں تین خواتین، دو بچے (بشمول ایک شیرخوار) اور تین مرد شامل ہیں۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ دشوار گزار راستوں اور پہاڑی علاقوں میں موبائل سگنلز کی عدم دستیابی کی وجہ سے تلاش میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گاڑی کو کسی حادثے یا فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
متاثرہ خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ خواتین اور بچوں کی موجودگی کے پیشِ نظر ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن شروع کر کے لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے۔

WhatsApp
Get Alert