حکومتی اقدامات کی موثر تشہیر میں غفلت برداشت نہیں، ناقص کارکردگی پر رعایت نہیں ہوگی، عسکر خان


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان عسکر خان کی زیرِ صدارت سیکٹر دفاتر کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں قلات، زیارت، چمن اور لورالائی کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ اضلاع کی کارکردگی، جاری حکومتی اقدامات کی تشہیر اور عوامی آگاہی مہمات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نے تمام ضلعی افسران سے انفرادی طور پر کارکردگی رپورٹس طلب کیں اور مختلف اضلاع میں حکومتی منصوبوں، ترقیاتی اقدامات اور عوامی فلاحی سرگرمیوں کی میڈیا کوریج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی آر عسکر خان نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی اور انہیں بھرپور انداز میں سراہا جائے گا
، جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلقات عامہ حکومت بلوچستان کی مثبت پالیسیوں اور عوامی فلاحی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، لہٰذا تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو مزید جانفشانی سے ادا کریں۔ڈی جی پی آر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں حکومت بلوچستان کی جانب سے کیے جانے والے ترقیاتی اور عوامی مفاد کے اقدامات کی بھرپور میڈیا کوریج کو یقینی بنائیں
جدید تقاضوں کے مطابق ویڈیوز، پوسٹرز، سوشل میڈیا مواد اور مؤثر تشہیری مہمات تیار کریں تاکہ حکومتی اقدامات کی درست اور بروقت معلومات عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر میڈیا کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے اور حکومتی کارکردگی کو اجاگر کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ عوام میں اعتماد کو مزید فروغ دیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر مختلف اضلاع کے افسران نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور آئندہ مزید مؤثر انداز میں فرائض انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert