کراچی والوں کے لیے خوشخبری، مزید ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں جلد سڑکوں پر ہوں گی

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے کراچی کے لیے مزید الیکٹرک (ای وی) اور ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
سندھ کے سینئر وزیر کا عہدہ بھی رکھنے والے شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور ماس ٹرانزٹ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید ایک ہزار پنک ای وی اسکوٹیز خریدے گی۔
ان کے مطابق کراچی میں شہریوں کے لیے نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی جلد شامل کی جائیں گی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دینے کیلئے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں خیرپور سے روہڑی اور خیرپور سے رانی پور تک نئے روٹس آئندہ ہفتے سے فعال کیے جائیں گے۔
سینئرصوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ، دادو، سیہون، حیدرآباد اور سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں بھی جلد انٹر سٹی بس سروس کا آغاز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر، محفوظ اور جدید سفری سہولتیں میسر آسکیں۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
