متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کرکے بے دخل کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں: وزارت داخلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کو ہدف بنا کر بے دخل کرنے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’میڈیا، خصوصاً سوشل میڈیا میں متحدہ عرب امارات جیسے برادر اسلامی ملک سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ ٹارگٹ کرکے بے دخلی سے متعلق قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کی تفصیلات اور اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ ایسی تمام رپورٹس بدنیتی پر مبنی ہیں اور مخصوص مفادات رکھنے والے عناصر کے مذموم پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات سمیت کسی بھی ملک سے کسی خاص ملک یا فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ملک بدری نہیں کی جا رہی۔ اگر کہیں بے دخلی کے واقعات پیش آئے ہیں تو وہ میزبان ملک کے قوانین، قانونی نظام، قوانین کی خلاف ورزی، قیام کی مدت ختم ہونے یا غیر قانونی دستاویزات کے باعث معمول کے قانونی عمل کے تحت ہوتے ہیں۔‘
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’پاکستانی شہری جو میزبان ممالک کے ویزا اور ملازمت سے متعلق تقاضے پورے کرتے ہیں، بغیر کسی امتیاز کے بدستور متحدہ عرب امارات اور دیگر دوست ممالک کا سفر کر رہے ہیں اور وہاں کے ورک ویزے حاصل کر رہے ہیں۔
اس کے برعکس پھیلائی جانے والی جعلی خبریں اور سوشل میڈیا پوسٹس بدنیتی پر مبنی، من گھڑت معلومات اور خفیہ مقاصد کے حصول کے لیے تیار کی گئی ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی پاکستانی شہری سے متعلق کسی مسئلے یا معاملے کو ہمیشہ متعلقہ ملک کے ساتھ دفترِ خارجہ کے کے ذریعے کیس ٹو کیس کی بنیاد پر اٹھایا جاتا ہے۔
