امریکا ایران کشیدگی: ڈونلڈ ٹرمپ خود ہی اپنے فیصلوں کو سراہنے لگے، اوباما اور بائیڈن کے ادوار سے موازنہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگی پالیسیوں اور اپنے فیصلوں کو خود ہی سراہتے ہوئے اپنی کارکردگی کے حق میں دعوے کیے ہیں۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کچھ تصاویر شیئر کیں اور ایک پوسٹ میں اپنی حکومت کا موازنہ سابق صدور باراک اوباما اور جوبائیڈن سے کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کے دورِ حکومت میں 159 ایرانی کشتیوں کو تباہ کیا گیا، جبکہ اوباما اور بائیڈن کے ادوار میں ایسی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہاکہ سابقہ حکومتوں کے دوران ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ’جے سی پی او اے‘ پر عمل جاری رہا، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نسبتاً کم رہی۔
ٹرمپ نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں امریکی لیزر دفاعی نظام کے ذریعے ایرانی ڈرونز کو نشانہ بنانے کا منظر دکھایا گیا تھا، اور اس صلاحیت کو اپنی حکومت کی کامیابی قرار دیا۔
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے ایسی تصویر شیئر کی جس میں ایرانی ڈرونز کو بڑی تعداد میں گرتا ہوا دکھایا گیا تھا، جسے انہوں نے ’تتلیوں کی طرح گرنے‘ سے تشبیہ دی۔
ایران کے حوالے سے امریکی تجاویز پر ردعمل کے منتظر صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز خبردار کیا تھا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ’آپریشن پروجیکٹ فریڈم‘ کو مزید سخت انداز میں شروع کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں آپریشن ’فریڈم پروجیکٹ‘ کو عارضی بنیادوں پر روک دیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert