لوکل سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے شہری مہینوں ذلیل، ڈی سی آفس کوئٹہ کی نااہلی نے نوجوانوں کو مشکلات میں دھکیل دیا ہے — پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ آفس کی بداانتظامی اور ناقص نظام کے باعث گزشتہ کئی مہینوں سے شہری لوکل سرٹیفکیٹ سے محروم ہیں بالخصوص تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے والے طلبہ اور روزگار کے حصول کے لیے امیدواروں کو لوکل سرٹیفکیٹ سے محروم رکھا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں لوکل سرٹیفکیٹ پرنٹ کرنے والا کاغذ میسر نہیں جب بھی سائلین جاتے ہیں تو انہیں کہا جاتا ہے کہ کراچی سے پرنٹ نہیں آیا اور انتظارکریں۔ کیا کوئٹہ میں اس نایاب کاغذ کی پرنٹنگ کی سہولت میسر نہیں یا نااہلی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ 2026میں بھی کاغذ پرنٹ کراچی سے کیا جارہا ہے۔کراچی سے پرنٹنگ کا مقصد صرف اخراجات میں اضافہ کرنا اور سرکاری خزانے پر ہاتھ صاف کرنے کے مترادف ہیں۔ کیونکہ چھ مہینے سے سائلین ڈی سی آفس کے چکر لگارہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سینکڑوں سائلین درخواست گزار روزانہ کی بنیادپر اپنے والدین کے ہمراہ ڈی سی آفس کوئٹہ دور دراز علاقوں سے اس شدید مہنگائی ٹرانسپورٹ، زیادہ کرایوں کی ادائیگی کی صورت میں آتے ہیں اور انہیں مایوسی کی صورت میں دوبارہ گھروں کو لوٹنا پڑتا ہے۔ کاغذ پرنٹ موجود ہونے پر بھی سفارش، اثر رسوخ والوں کو پہلے لوکل مہیا کردیا جاتا ہے جبکہ عام شہری مہینے مہینے اس کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ ڈیجیٹلائز اور A-Iکے دور میں بھی کاغذ پرنٹ کے لیے کراچی بھیجنا اور انتظا رکرنا قابل افسوس ہے جبکہ سائلین کو اذیت سے دوچار کرنا قابل مذمت ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لوکل سرٹیفکیٹ کے اجراء کے طریقہ کار کو آسان بناتے ہوئے غیر ضروری شرائط ختم کیئے جائیں اور بلا تاخیر پرنٹ کا سلسلہ شروع کرکے مزید نوجوانوں، شہریوں کو اذیت سے نجات دلایا جائے۔
