چیئرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی برطرف، 24 گھنٹے میں دفتر خالی کرنے اور مراعات واپس کرنے کا حکم


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائیکورٹ نے چیئرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) جاوید احمد خان کو عہدے سے برطرف کرتے ہوئے انہیں 24 گھنٹوں کے اندر دفتر خالی کرنے اور سرکاری مراعات واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت چیف جسٹس جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران چیئرمین بی ڈی اے کی تعیناتی اور اختیارات سے متعلق مختلف قانونی نکات کا جائزہ لیا گیا۔
عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں جاوید احمد خان کی بطور چیئرمین تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیں۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
عدالتی حکم کے مطابق برطرف کیے گئے چیئرمین کو سرکاری گاڑی، رہائش گاہ اور دیگر تمام سرکاری مراعات بھی واپس کرنا ہوں گی۔ عدالت نے واضح کیا کہ مقررہ وقت کے اندر احکامات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین بی ڈی اے کی تعیناتی قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں تھی، جبکہ سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت کو مختلف نکات پر آگاہ کیا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے درخواست منظور کرلی۔

WhatsApp
Get Alert