آج ہمارے لیے تاریخی دن ہے، ایک سال قبل پوری قوم نے اکٹھے ہوکر دشمن کو جواب دیا، وزیراعلیٰ سندھ

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوگیا


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوگیا، اجلاس کے آغاز پر پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
سندھ اسمبلی میں معرکہ حق کی حمایت میں قرارداد پیش کی گئی، جو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیش کی۔
وزیراعلیٰ نے ایوان سے اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دیگر کارروائی معطل کرکے قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
مراد علی شاہ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ، صدر مملکت اور وزیراعظم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہمارے لیے تاریخی دن ہے، ایک سال قبل پوری قوم نے اکٹھے ہوکر دشمن کو جواب دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فوج، حکومت، قوم اور میڈیا نے مل کر دشمن کو جواب دیا۔ مراد علی شاہ نے 1947 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کہتا تھا یہ ملک 6 ماہ نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ 20 جنوری 1972 کو اس کا آغاز ہوا جب ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا فیصلہ کیا اور مختلف سیاسی رہنماؤں کو اس سلسلے میں بلایا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مئی 1998 میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے خود کو پہلی مسلم ایٹمی طاقت بنایا۔

WhatsApp
Get Alert