ڈاکٹرز شدید مالی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت کی توجہ ایک نہایت اہم اور فوری حل طلب مسئلے کی جانب مبذول کروائی جاتی ہے۔ صوبہ بھر میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز اس وقت شدید مالی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے ہیں، جو نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی بلکہ صحت کے مجموعی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔گزشتہ کئی برسوں سے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں ڈاکٹرز کو مالی دباؤ کا سامنا ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے مطابق ہرگز مناسب نہیں۔ مزید برآں، بلوچستان کے ڈاکٹرز کو دی جانے والی تنخواہیں اور وظائف دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہیں، جو احساسِ محرومی کو جنم دے رہے ہیں۔اسی طرح، ڈاکٹرز کے لیے مناسب رہائشی سہولیات کی عدم فراہمی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ بڑی تعداد میں ڈاکٹرز کو رہائش کے بنیادی وسائل میسر نہیں، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور یہ صورتحال ان کی کارکردگی کو بھی متاثر کرتی ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں فوری اور خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے وظائف کو دیگر صوبوں کے برابر کیا جائے۔ ڈاکٹرز کے لیے معیاری اور محفوظ رہائشی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ہم حکومت بلوچستان پر زور دیتے ہیں کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے حالیہ بجٹ میں ڈاکٹرز کمیونٹی کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ بصورت دیگر، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے تحت مؤثر لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert