پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز روانہ
کراچی(قدرت روزنامہ)آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی انڈر 19 اسکواڈ آج ویسٹ انڈیز روانہ ہوگیا ہے۔آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی انڈر 19 اسکواڈ آج دوپہر 12 بجے دبئی سے بذریعہ مانچسٹر، برج ٹاؤن کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے سبب عبدالوحد بنگلزئی اسکواڈ کے ہمراہ سفر نہیں کریں گے اور وہ دس روز تک دبئی میں آئیسولیشن کریں گے جبکہ آئیسولیشن کے دوران ایمریٹس کرکٹ بورڈ عبدالوحد بنگلزئی کی نگرانی کرے گا۔
غازی غوری اور محمد ذیشان پہلے ہی بطور ٹریول ریزرو اسکواڈ کے ہمراہ موجود ہیں جبکہ دونوں کھلاڑی آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ کے لئے قومی انڈر 19 اسکواڈ کو دستیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈھاکا میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم سیمی فائنل سے باہر ہوگئی جبکہ انہیں سری لنکا نے 22 رنز سے شکست دی تھی۔
انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 147 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
جواب میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی اور پاکستان انڈر 19 ٹیم صرف میچ کے آخری اوور میں صرف 125 رنز بناکر واپس پویلین لوٹ گئی۔