جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہےاور عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس رہے ہیں جبکہ حکمران خوابِ غفلت میں ہیں،مولانا فضل الرحمان کی پیر صاحب پگاڑا سے گفتگو

کراچی (قدرت روزنامہ) امیر جمعیت علمائے اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمان کی پیر صاحب پگاڑا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ، ملکی و علاقائی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ملاقات میں ملک کے معاشی نظام، بالخصوص آبادگاروں، زمینداروں اور ہاریوں کو درپیش مشکلات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کرتے ہوئے کہا جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے۔عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس رہے ہیں جبکہ حکمران خوابِ غفلت میں ہیں۔ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور مشترکہ جدوجہد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عام آدمی اسی طرح مہنگائی کے بوجھ تلے دبا رہا تو ملک مزید انتشار کا شکار ہو جائے گا۔ضروری ہے سیاسی کارکنان شائستگی اور اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
جے یو آئی مارچ 2027 میں سکھر میں عالمی امن اجتماع منعقد کررھی ھے جس میں پیر صاحب پگاڑا کو شرکت کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کرلی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
