جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کا یونیورسٹی آف لورالائی میں اسٹریٹجک پلاننگ اور پالیسی ڈویلپمنٹ پر جامع لیکچر


لورالائی(قدرت روزنامہ)جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے رکن پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے یونیورسٹی آف لورالائی میں اسٹریٹجک پلاننگ ٹریننگ دی۔ ڈی پی آر، جامعہ بلوچستان کے مطابق 16 مئی 2026 کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن NAHE کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف لورالائی میں یونیورسٹی مینجمنٹ پروفیشنلز کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔
اختتامی سیشن کی قیادت جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے رکن پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کی۔ انہوں نے اپنے وسیع تعلیمی، انتظامی اور پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں ادارہ جاتی ترقی کے لیے اسٹریٹجک پلاننگ اور پالیسی ڈویلپمنٹ پر جامع لیکچر دیا۔ سیشن میں قومی ترجیحات کو یونیورسٹی کے ویژن و مشن سے جوڑنا، مؤثر حکمت عملیاں بنانا، پیش رفت کی نگرانی، ادارہ جاتی پالیسیوں کی تشکیل، اور عملی نفاذ جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کا استقبال وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عادل زمان کاسی، رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان، ڈین ڈاکٹر عبدالصمد اور دیگر فیکلٹی ممبران نے کیا۔ ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ نے سیشن کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تربیت یونیورسٹی آف لورالائی میں اسٹریٹجک پلاننگ اور جدید یونیورسٹی مینجمنٹ کے عمل کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یونیورسٹی آف لورالائی نے پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کا پیشہ ورانہ صلاحیت سازی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں قیمتی کردار پر شکریہ ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert