پروفیسر غمخوار حیات پر حملہ بلوچستان کی علمی، ادبی اور فکری اقدار پر حملہ ہے، لیڈی کانسٹیبل اور معروف براہوئی ادیب کا قتل کھلی بربریت ہے،شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے تربت اور نوشکی میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈی کانسٹیبل اور معروف براہوئی ادیب پروفیسر غمخوار حیات کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے لیڈی پولیس اہلکار کے شوہر اور بیٹے کا زخمی ہونا افسوسناک ہے، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شاہد رند نے کہا کہ پروفیسر غمخوار حیات پر حملہ بلوچستان کی علمی، ادبی اور فکری اقدار پر حملہ ہے، علم و قلم کے دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد اساتذہ، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور واقعات میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert