تربت میں دہشت گردی نے ایک بار پھر انسانیت کو لہولہان کر دیا۔ گھروں میں گھس کر خواتین کو نشانہ بنانا بلوچ روایات، اسلامی اقدار اور انسانیت پر حملہ ہے، مینا مجید بلوچ


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے ٹویٹر ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج تربت میں دہشت گردی نے ایک بار پھر انسانیت کو لہولہان کر دیا۔ نہتی پولیس کانسٹیبل شکیلہ بلوچ فتنہ الہندستان کے کارندوں کی سفاکانہ فائرنگ میں شہید ہوگئیں جبکہ اُن کے بچے اور شوہر زخمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھروں میں گھس کر خواتین کو نشانہ بنانا بلوچ روایات، اسلامی اقدار اور انسانیت پر حملہ ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب، قانون یا روایت اس بزدلانہ دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتی۔ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سول سوسائٹی خاموشی توڑے اور ان دہشت گردوں کے خلاف آواز بلند کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم شہید شکیلہ بلوچ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بحیثیت حکومتی نمائندہ واضح کرتی ہوں کہ ریاست اپنے شہداء کے خون کا حساب لے گی اور بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert