ملک بھر میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی، جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ جنوبی حصوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج سے 23 مئی تک بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے، جبکہ اسی طرح کی موسمی سرگرمیاں پنجاب اور اسلام آباد کے مختلف حصوں میں بھی متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے خبردار کیا ہے کہ 19 مئی سے سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور ان علاقوں میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 26 مئی کے دوران بعض مقامات پر درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے جس سے صحت کے مسائل میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) سے بچاؤ کریں۔
ادارے نے مزید خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
