نصیرآباد ڈویژن میں شدید گرمی، درجہ حرارت 48 ڈگری تک پہنچ گیا، درجنوں افراد بے ہوش

ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ)نصیرآباد ڈویژن شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گیا ہے، جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے باعث درجنوں افراد گرمی لگنے سے بے ہوش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد، صحبت پور، ڈیرہ اللہ یار، نوتال، بھاگ ناڑی، جھل مگسی، گنداواہ، روجھان جمالی، بختیار آباد، چھتر، فلیجی، تمبو، میر واہ، مانجھوٹی، فرید آباد، عمر کوٹ اور گنداخہ سمیت دیگر علاقوں میں شدید گرم اور لو چلنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
صبح ہوتے ہی سورج کی تپش میں اضافہ ہوگیا جس کے باعث کھیتوں اور محنت مزدوری کرنے والے افراد بڑی تعداد میں متاثر ہوئے۔ گرمی لگنے سے بے ہوش ہونے والے افراد کو فوری طور پر مقامی اسپتالوں اور نجی کلینکس منتقل کیا گیا۔
ڈیرہ مراد جمالی میں بے ہوش ہونے والوں میں شاہ نواز، فیاض حسین، صدام علی، غفار جویا، شاہ رخ ڈرائیور، فدا حسین، بلال، اسد، عابد، نعیم احمد، زبیر احمد، شوکت علی، رسول بخش، ہمت اور قربان علی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
شدید گرمی کے ساتھ ساتھ علاقے میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ شہری علاقوں میں پانی کی شدید قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔ شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔
عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری طور پر لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
