پسند کی شادی تنازع، گاؤں نذر آتش کیس میں پیش رفت، مزید 4 ملزمان گرفتار، سماعت 3 جون تک ملتوی

جیکب آباد (قدرت روزنامہ) پسند کی شادی کے تنازع پر گاؤں محمد صدیق آرائیں میں درجنوں گھروں کو نذر آتش کرنے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت میں دونوں سردار پیش ہوئے جبکہ سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی گئی، دوسری جانب پولیس نے مزید 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ٹھل کے گاؤں محمد صدیق آرائیں میں 100 سے زائد گھروں کو نذر آتش کرنے کے کیس کی سماعت سیکنڈ سیشن جج عطاء اللہ مہر کی عدالت میں ہوئی۔ متاثرین کے وکیل نثار مغیری نے کیس میں سردار صدام حسین برڑو اور سردار احمد علی چنہ کے نام شامل کرنے کی استدعا کی۔
سماعت کے دوران دونوں سردار عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دونوں برادریوں کے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ عدالت میں رش بڑھنے کے باعث موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔
سرداروں کے وکیل مظفر رند کے مطابق عدالت نے دونوں سرداروں کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور کیس کی مزید سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب متاثرین کے وکیل کے مطابق غلام شبیر برڑو نے 22 اے بی کے تحت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں تین افراد سمیت دونوں سرداروں کے نام مقدمے میں شامل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار صدام حسین برڑو اور سردار احمد علی چنہ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام غلط طور پر مقدمے میں شامل کیا جا رہا ہے، انہوں نے کسی کے گھر کو آگ نہیں لگائی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملہ عدالت میں ہے اور انہیں انصاف کی امید ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی جیکب آباد فیضان علی کے مطابق پولیس نے گاؤں جلانے کے مقدمے میں مزید 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں گل حسن چنہ، عابد حسین چنہ، منیر احمد چنہ اور خادم حسین چنہ شامل ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک اس کیس میں گرفتار افراد کی تعداد 10 ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ 5 مئی کو پسند کی شادی کے تنازع پر مشتعل افراد نے گاؤں محمد صدیق آرائیں میں حملہ کر کے درجنوں گھروں کو آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں متعدد خاندان بے گھر ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
