پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ، ٹی ٹی پی کا ایک دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشین کے علاقے میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کی شام ایس ایچ او سٹی پولیس اسٹیشن پشین کلی کربلا میں چھاپہ مار کارروائی کے بعد واپس جا رہے تھے کہ سانگر کلی کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد زخمی ہوگیا جس کے بعد حملہ آور کلی سنگر کی پہاڑی کی جانب فرار ہوگئے۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ پولیس پشین اور سی ٹی ڈی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ملزمان ایک پہاڑی بنکر میں چھپ گئے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس نے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بمعہ میگزین، ہونڈا موٹرسائیکل اور شناختی کارڈ کی رنگین کاپی برآمد کر لی ہے جبکہ مزید تفتیش اور کارروائی جاری ہے۔
