عمران خان کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف 22 مئی کے احتجاج کی تیاریاں مکمل، تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) تحریک تحفظ آئین پاکستان ضلع کوئٹہ کا اجلاس پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر سردار زین العابدین خلجی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری نصیر احمد کاکڑ، ضلع مالیات سیکرٹری ڈاکٹر تواب اچکزئی، ضلع معاون سیکرٹری غلام اولس یار، جبکہ پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما سید حسین آغا اور احسان اللہ ترین نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22 مئی بروز جمعہ پریس کلب کوئٹہ کے سامنے شام 4 بجے ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ وہ احتجاجی مظاہرے میں بروقت اور بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ملک کے مقبول رہنما عمران خان کی عدم رہائی، انہیں علاج معالجے کی سہولیات کی عدم فراہمی، ملاقاتوں پر پابندی، مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور بدامنی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ یہ احتجاج جمہوریت پسند اور باشعور عوام کی ذمہ داری ہے اور تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کو اسے کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانی ہوں گی۔
