اضلاع اور ڈویژنز میں مجوزہ تبدیلیوں کی خبریں مسترد، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا شدید ردعمل


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے صوبے میں اضلاع اور ڈویژنز کی تاریخی، جغرافیائی اور سماجی انتظامی ساخت کو متاثر کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کے تحت مسلط غیر منتخب، ناکام اور نااہل حکومت کی جانب سے ایسا کوئی بھی اقدام تاریخی، جغرافیائی، ثقافتی اور معاشرتی حقائق کی کھلی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اضلاع اور ڈویژنز میں یکطرفہ اضافہ کرکے تاریخ کو مسخ کرنے کا اختیار کسی کو حاصل نہیں۔ پارٹی کے مطابق پشتون اور بلوچ اقوام برابر کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کے تاریخی وطن، سماجی رشتوں اور روایات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مزید کہا گیا ہے کہ اضلاع اور ڈویژنز کی تشکیل کی موجودہ انتظامی بنیادیں برٹش بلوچستان کے دور سے چلی آ رہی ہیں، جہاں اکثریتی پشتون علاقوں اور ریاست قلات کی تاریخی حیثیت کو مدنظر رکھا گیا تھا۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ موجودہ غیر منتخب حکومت ایک “سازشی منصوبے” کے تحت مختلف پشتون اور بلوچ قبائل کی قبائلی حیثیت اور روایات کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
آخر میں وزیراعلیٰ اور کابینہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس مجوزہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں، جبکہ کہا گیا کہ صوبے کے پشتون عوام کسی بھی ایسے “سازشی منصوبے” کو قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی اسے نافذ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert