مومنہ اقبال میری غیرت اور ریڈ لائن ہے، کوئی کردار کشی نہیں کرسکتا
اداکارہ کے ہونے والے شوہر حمزہ حبیب بھی ثاقب چدھڑ کے خلاف بول پڑے، پیچھے ہٹنے کیلئے کروڑوں کی آفر کا الزام

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر حمزہ حبیب خاموشی توڑتے ہوئے میڈیا کے سامنے آگئے، انہوں نے اداکارہ کے خلاف ہونے والی مبینہ کردار کشی، اپنے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر کے حوالے سے انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا اور بھاری رشوت کی پیشکشں کا بھی انکشاف کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر حمزہ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کے گروپ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں، حمزہ حبیب کا کہنا ہے کہ اس پورے کھیل کا واحد مقصد مومنہ اقبال کی کردار کشی کرکے ان کی شادی کو رکوانا تھا، جس کیلئے ہر قسم کا گھٹیا حربہ استعمال کیا گیا، ثاقب چدھڑ کا اصل ہدف یہ تھا کہ کسی نہ کسی طرح مومنہ اقبال کے بارے میں بے بنیاد اور گھٹیا الزامات مجھ تک پہنچائے جائیں۔
حمزہ حبیب نے کہا کہ ثاقب چدھڑ نے سب سے پہلے مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ مومنہ کے کردار پر کیچڑ اچھال سکے اور ہمارا رشتہ ختم کروا سکے، جب انہیں اندازہ ہو گیا کہ میں ان کے کسی جھانسے میں نہیں آؤں گا اور نہ ان سے رابطہ کروں گا، تو انہوں نے بدلہ لینے اور ہماری شادی روکنے کے لیے میرے خلاف ایک جھوٹی ایف آئی آر درج کروا دی۔
مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر نے دعویٰ کیا کہ جب میں نے متعلقہ تھانے کے ڈی ایس پی سے بات کی اور اپنے خلاف ثبوت مانگا، تو پولیس افسر کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا اور وہ آج تک یہ ثابت نہیں کرسکے کہ ایف آئی آر کس بنیاد پر کاٹی گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کارروائی صرف شادی کو سبوتاژ کرنے کے لیے کی گئی، مومنہ اب میری بیوی ہے، وہ میری ریڈ لائن اور غیرت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی گھٹیا انسان مومنہ کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، میں اسے عزت کے رشتے میں لا چکا ہوں اور اب وہ ہماری فیملی کی عزت ہے، اگر ہماری ریڈ لائن کو کراس کرنے کی کوشش کی گئی، تو مخالفین کی تمام ریڈ لائنز جو کہ ثبوتوں کی شکل میں ہمارے پاس محفوظ ہیں ہم میڈیا کے سامنے لے آئیں گے اور پھر انہیں اس معاشرے اور میڈیا کے سامنے ہر طریقے سے ذلیل کریں گے۔
حمزہ حبیب نے الزام عائد کیا کہ مخالف گروپ نے انہیں خریدنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں، پچھلے چند دنوں میں ثاقب چدھڑ کے سرکل کے کچھ نامعلوم لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے بھاری مالی فائدے اور پیسوں کی پیشکش کی گئی، وہ چاہتے ہیں کہ ہم نے سائبر کرائم یا متعلقہ ادارے این سی سی آئی اے میں ان کے خلاف جو قانونی شکایت درج کروا رکھی ہے، اسے کسی طرح واپس لے لیں، میں ان لوگوں کو واضح طور پر یہ بات سمجھا دینا چاہتا ہوں کہ آپ غریب اور مستحق لوگوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر اپنے پیسے کے بل بوتے پر سب کچھ خرید سکتے ہوں گے، لیکن یاد رکھیں کہ آپ پیسے کا استعمال کرکے کسی غیرت مند مرد کی غیرت نہیں خرید سکتے۔
